پنجاب حکومت کا صوبائی چیف سیکرٹری تبدیل کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے نیا چیف سیکرٹری لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اور وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی نے نئے چیف سیکرٹری کےلیے تین نام وفاق کو ارسال کردیے ہیں۔
چوہدری پرویز الہیٰ کی جانب سے وفاقی حکومت کو چیف سکریٹری پنجاب کے لیے بھجوائے گئے تین ناموں میں احمد نواز سکھیرا، عبداللہ خان سنبل اور بابر حیات تارڑ کے نام شامل ہیں۔
اس سے پہلے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے 6 اگست کو مزید کام جاری نہ رکھنے سے متعلق وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو آگاہ کردیا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے اپنی خدمات واپس لینے کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا جس میں ذاتی وجوہات کی بنا پر کام جاری نہ رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے اسٹیبلمنٹ ڈویژن سے اپنی خدمات پنجاب سے واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پنجاب میں اپنی خدمات مزید جاری نہیں رکھ سکتا، مجھے ان ذمہ داریوں سے فارغ کردیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے اس حوالے سےتاحال کوئی احکامات سامنے نہیں آئے ہیں۔