آرمی چیف کیلئے یو اے ای کا آرڈر آف دی یونین کا اعزاز

دوست ممالک کےعہدیداروں کو دیا جانیوالا دوسرا بڑا اعزاز

متحدہ عرب امارات ( UAE ) کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ ( Bajwa ) کو آرڈر آد دی یونین ( Order Of The Union ) کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

پاک افواج کے شعبہ ذرائع ابلاغ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور پاک افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان 16 اگست بروز منگل کو مجلس قصر البحر ابوظبی میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر امارات کے صدر نے پاکستان کے آرمی چیف کو ‘آرڈر آف دی یونین’ اعزاز پیش کیا۔

شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکا تعاون کی جڑیں گہری کرنے کے سلسلے میں موثر کردار ادا کرنے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں منفرد کوششوں کے اعتراف میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو وسام الاتحاد اعزاز سے نوازا۔

یہ میڈل متحدہ عرب امارات کی جانب سے برادر اور دوست ممالک کے اعلی عہدیداروں کو دیا جانے والا ملک کا دوسرا بڑا اعزاز ہے۔

امارات کی سرکاری ایجنسی وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات میں پاکستان اور امارات کے درمیان تعاون کے رشتوں اور مشترکا جدوجہد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

خصوصا دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات میں معاون دفاعی مسائل اور امور زیر بحث آئے ہیں۔ پاکستان اور امارات کی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی موضوعات اور حالات حاضرہ پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا کہ امارات اور پاکستان کو گہرے تاریخی رشتے ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہیں۔ مختلف سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنائے رکھنے کی مشترکہ خواہش باہمی رشتوں کے استحکام کا باعث ہے۔

ملاقات میں مجلس قصر البحر میں ریاست العین حکمراں کے نمائندے شیخ طحنون بن محمد آل نہیان، شیخ سیف آل نہیان، شیخ سرورآل نہیان، ریاست ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ ھزاع بن زاید آل نہیان، زاید بن سلطان آل نہیان فاؤنڈیشن کے چیئرمین شیخ نہیان بن زاید آل نہیان، نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان، صدارتی مشیر شیخ ڈاکٹر سلطان آل نہیان، ریاست ابوظبی آفس کے سربراہ اور ایگزیکٹیو کونسل کے رکن شیخ خالد آل نہیان، شیخ حمدان بن محمد آل نہیان، شیخ زاید بن محمد آل نہیان اور وزیررواداری و پرامن بقائے باہم شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان بھی موجود تھے۔

uae

coas

ISPR

ORDER OF THE UNION

Tabool ads will show in this div