قیمتیں بڑھنے کے باوجود کراچی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت
قیمتیں بڑھنے کے باوجود کراچی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت ہوگئی، شہر میں کئی پیٹرول پمپس سپلائی نہ ملنے کے باعث خالی پڑے ہیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکومت نے 16 اگست سے پیٹرول 6 روپے 72 پیسے مہنگا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں محض 0.53 روپے کمی کی تھی۔
قیمتیں بڑھنے کے باوجود شہر میں کئی پیٹرول پمپس سپلائی نہ ملنے کے باعث بند پڑے ہیں، شہری ایک سے دوسرے پمپ چکر لگانے پر مجبور ہیں جبکہ کھلے پمپس پر شہریوں کا رش ہے۔
پیٹرول پمپ ملازمین کہتے ہیں قیمتوں میں رد و بدل اور بارش کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
پیٹرول پمپس مالکان نے قیمت میں کمی کی توقع پر سپلائی نہیں منگوائی۔
پیٹرولیم ڈیلر عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیز کو قیمت بڑھنے کا پتہ چل گیا تھا، اس لئے انہوں نے سپلائی شارٹ کردی، آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی پوری طرح بحال ہوجائے گی۔