غیرملکی خواتین سیاحوں سے بدتمیزی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج ہے

پولیس نے اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر خواتین سمیت 3 غیرملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث 4مرکزی ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ویڈیوزمیں نظر آنے والے دیگر ملزمان کی شناخت نادرا کے ذریعے کی جارہی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ویڈیوز بھی برآمد کرلی گئیں ہیں۔

گرفتار ملزمان میں سجاد احمد، عدیل کریم، ریاض خان اور ذاکراللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان ٹیکسلا کے رہائشی ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔

شکرپڑیاں کے مقام پر خواتین سمیت 3 غیرملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کا واقعے پولیس کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے سیاحتی مقام شکر پڑیاں میں دو خواتین سمیت 3 غیر ملکی سیاحوں کو اوباش نوجوانوں کی جانب سے گھیرنے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر 14 اور 15 اگست کی رات اپ لوڈ کی گئی، ایسا لگتا ہے کہ واقعہ 14 اگست کو پیش آیا۔

وائرل ویڈیو میں دونوں خواتین انتہائی پریشانی اور خوف کے عالم میں نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں کچھ نوجوان خواتین کو گھیرے ہوئے ہیں جبکہ وہاں موجود چند نوجوانوں کی جانب سے خواتین کو بچانے کی بھی کوشش کی گئی۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ ایک افسوس ناک اور مجرمانہ فعل ہے، ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو اس کی بھرپور مذمت کرنے کی ضرورت ہے۔

Harassment Case

islamabad police

Tabool ads will show in this div