وزیر داخلہ پنجاب نے شہباز گل کے بیان پر ‘’ absolutely not’’ کہہ دیا

شہباز گل سے ملاقات ہوئی وہ بالکل ٹھیک ہیں، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر

وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہباز گل سے ملاقات ہوئی ہے وہ بالکل ٹھیک ہیں، شہباز گل وفاق کے ملزم ہیں، جیل ان کی قید بڑھا سکتی ہے اور نہ ہی کم کرسکتی ہے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا شہباز گل کے بیان کی حمایت کرتے ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘’ absolutely not’’۔

وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 40 سے زائد جیلیں موجود ہیں، سابق وزیر اعلیٰ نے جیل میں بہت سا کام کیا، جیل میں سیکیورٹی اور کھانے کا اچھا انتظام ہے، وزیراعلیٰ سے بات کرکے قیدیوں کی ایک ماہ کی سزا معافی کا اعلان کروںگا۔

ان کا کہنا ہے کہ خواتین قیدیوں کیلئے فیملی رومز تعمیر ہوں گے، جو قیدی کام کریں گے اس کی اُجرت دی جائے گی، پورے پنجاب میں 50 ہزار سے زائد قیدی ہیں، پولیس کو کہتا ہوں کہ قیدیوں کو اپنے اہلخانہ کی طرح درست کریں، جیل خانہ جات فورس کو ایگزیکٹو الاؤنس دوں گا، پنجاب پولیس کے برابر جیل خانہ جات کی تنخواہ ہوگی۔

ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ شہباز گل کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے وہ بالکل ٹھیک ہیں، سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، شہباز گل سمیت کسی قیدی کو کوئی انگلی لگا دے، کل بھی بہت سے لوگوں نے ان سے ملاقاتیں کیں، میں ایک ذمہ دار بندا ہوں، عمران خان کو تسلی دلانا میرا کام ہے، عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز گل وفاق کے ملزم ہیں، جیل ان کی قید بڑھا سکتی ہے نہ کم کرسکتی ہے، مجھے نہیں پتہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات پر پریشر ہے یا نہیں۔

کرنل (ریٹائرڈ) ہاشم ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ صرف شہباز گِل ہی نہیں اگر 50 ہزار قیدیوں میں سے کسی ایک پر بھی تشدد ہوا تو میں اُس جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کو نہیں چھوڑوں گا۔

وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ 25 مئی کو میرے گھر کے دروازے توڑے گئے، فیصل آباد میں ایک نہتی خاتون پر اسلحہ تاننے والے پولیس افسر کو نوکری سے نکال دیا، پنجاب میں بہت بڑے لیول کا کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، جیلوں میں شکایات ہیں، ادارہ بناؤں گا جو اندرونی معاملات کی معلومات دے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ چار پانچ دن گزر گئے ہیں اب شہباز گل کے میڈیکل کی ضرورت نہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا شہباز گل کے بیان کی حمایت کرتے ہیں؟، جس پر ہاشم ڈوگر کا جواب تھا absolutely not۔

IMRAN KHAN

Shehbaz Gill

Col (R) Hashim Dogar

Tabool ads will show in this div