ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے مزید ایک ارب روپے سے زائد فنڈ کا سراغ لگا لیا
پاکستان تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے 11 سال میں تحریک انصاف کو موصول امریکا سے آئے ایک ارب 10 کروڑ روپے فنڈ کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔
حکام کے مطابق یہ فنڈزپارٹی کو13مختلف اکاونٹس میں2010سے 2021تک وصول ہوئے جو 6 رجسٹرڈ فرم کے ذریعے اکٹھے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 7 ہزار افراد اور100 سے زائد کمپنیوں نے پارٹی کو امریکا سے فنڈز بھیجے جو پی ٹی آئی کے ایک درجن سے زائد امریکی شہریت رکھنے والے عہدے داروں نے کیے۔
دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف نے 2010ء سے 2017ء کے دوران امریکا سے 34 کروڑ ڈالر کے فنڈز اکھٹے کیے جبکہ مجموعی طور پرپچاس لاکھ امریکی ڈالر کے عطیات پارٹی کو ملے۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء سے جون 2013 ء کی مدت میں 23 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی امداد اکٹھی کی جبکہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں امریکا سے 28 کروڑ سے زائد کے فنڈز اکٹھے کیے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم 11 سال میں تحریک انصاف کو موصول امریکا سے آئے ایک ارب 10 کروڑ روپے فنڈ کی فارنزک کررہی ہے۔