کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

19 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے۔

کراچی میں منگل کو بارش کا آغاز گلشن معمار، پورٹ قاسم، گلشن حدید اور اطراف کے علاقوں سے ہوا جس کے بعد شہر کے دیگر علاقوں کو بھی بتدریج بارش شروع ہوگئی۔

منگل کی شام 5 بجے تک سب سے زیادہ بارش اورنگی، سعدی ٹاؤن اور کیماڑی میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ پی اے ایف مسرور بیس پر 32، صدر میں 30، قائدآباد 21 ،ناظم آباد 19.6، میٹ آفس 17.5، پی اےایف فیصل بیس 16.8 اور گلشن معمار میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں7، ڈی ایچ اے اور گلشن حدید میں 5 ،5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

مشکلات میں اضافہ

رواں برس موسم برسات میں غیر معمولی بارشوں کے باوجود انتظامیہ بدستور صرف دعوے ہی کرتی نظر آرہی ہے۔ شہر کی تمام اہم سڑکیں دور افتادہ علاقوں کے کچے راستوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ جگہ جگہ گڑھوں اور کھلے مین ہولز کی بدولت عوام کو شدید مشکلاتے کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھارتی ریاست راجستھان میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی بدولت منگل کی شام سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے نئے اسپیل سے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں 19 اگست جب کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور ساحلی اضلاع میں 20 اگست موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب اور مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

کراچی

MET OFFICE

Monsoon Rain

Tabool ads will show in this div