پاکستان اورنیدرلینڈز کےدرمیان ون ڈے سیریز کا آغاز آج ہورہا ہے

آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں پاکستان چوتھے نمبر پر موجود

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان پہلی دوطرفہ ون ڈے کرکٹ سیریز آج سے روٹرڈیم میں شروع ہوگی۔ سیریز کے تمام ون ڈے انٹرنیشنل میچز اس ہی میدان پر 18 اور 21 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

بابراعظم کی زیرقیادت قومی کرکٹ ٹیم اگراس سیریزمیں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے تووہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔

دنیائے کرکٹ کے نمبرون بیٹر بابراعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کردیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔

اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

اس سیریز کے ابتدائی 2 میچوں میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوگی۔ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔

روٹرڈیم میں موجود قومی اسکواڈ نے شیڈیم کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا ہے۔

بابراعظم:

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ نیدرلینڈز آنے پر بہت خوش ہیں،یہاں کا موسم اور مہمان نوازی بہت اچھی ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ وہ گزشتہ 2 ماہ سے نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کو فالو کررہے ہیں،یہاں بسنے والےلوگوں کی کرکٹ سے محبت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ کرکٹ سیریز اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب جاری ہے اور وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی دراصل نوجوان فاسٹ باؤلرز کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع ہے۔

انہوں نے فینز کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود

netherlands

Babar Azam

Tabool ads will show in this div