ہائیکورٹ کا سیشن جج کوشہبازگل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم

دوبارہ سماعت کرکے ميرٹ پر فيصلہ کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نےاداروں کوبغاوت پراُکسانےکےالزام ميں گرفتارتحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا دوبارہ جسمانی ريمانڈ لينے کی حکومتی درخواست کو قابل سماعت قرار دے ديا۔

اسلام آبادہائیکورٹ میں منگل کو شہباز گل کا دوبارہ جسمانی ريمانڈ لينے کی حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے سيشن جج کو آج ہی درخواست کی دوبارہ سماعت کرکے ميرٹ پر فيصلہ کرنے کا حکم دے ديا۔

ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیےکہ ایڈووکیٹ جنرل کی دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست قابل سماعت ہے۔ ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ ایڈوکیٹ جنرل کی درخواست سیشن کورٹ میں زیرالتوا تصور کی جائے،فریقین سیشن جج کے پاس پیش ہوکردلائل دیں۔

ایڈووکیٹ جنرل نے ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے پر دوبارہ جائزے کی درخواست دی تھی۔ سیشن جج نے فیصلے پر دوبارہ جائزے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دی تھی۔ایڈووکیٹ جنرل نے سیشن جج کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

گذشتہ سماعت میں ايڈووکيٹ جنرل جہانگير جدون نے دلائل ميں مؤقف اختيار کيا تھا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان دیا جس کا حکومت نے سخت نوٹس لے کر مقدمہ درج کرایا۔ شہباز گل نے جن اداروں کے خلاف بیان دیا ان کی بہت قربانیاں ہیں۔

قائم مقام چيف جسٹس نے استفسار کيا تھا کہ آپ نے مزید جسمانی ریمانڈ میں کیا کرنا ہے؟۔

ايڈووکيٹ جنرل نے جواب ديا کہ لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز ابھی نہیں ملیں، وہ ریکور کرنی ہیں اور چیزیں برآمد کرنے کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔

درخواست ضمانت پر نوٹس جاری

شہباز گل کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیےجھوٹا مقدمہ درج کیا۔تفتیش میں پولیس شہباز گل پر کوئی الزام ثابت نہیں کرسکی۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی۔

وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔ عدالت نے پولیس اور پراسیکیوٹر کو پیر کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

معاملے کا پس منظر

شہباز گل نے ملک کے ایک نجی نیوز چینل پر افواج پاکستان سے متعلق بات کی تھی جس کے بعد ان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا، 9 اگست کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو گرفتار کیا گیا۔

ماتحت عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوادیا تھا۔

Islamabad High Court (IHC)

SHAHBAZ GILL

Tabool ads will show in this div