پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی یا نہیں؟ اعلان کچھ دیر میں متوقع
پاکستان میں آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔
چند روز قبل اوگرا کی جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 روپے 48 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 110 ڈالر سے کم ہوکر 87 سے 93 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ڈالر سستا ہونے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سابق حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رکھیں تھیں تاہم موجودہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 100 روپے کے قریب تک بڑھائی تھیں۔
حکومت کا مؤقف تھا کہ عوام کو اتنی بڑی سبسڈی ملکی خزانے پر بوجھ ہے، اس سے زیادہ فائدہ امیروں کو ہورہا ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کے تحت حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس اور لیوی بھی بڑھانا ہے۔
موجودہ حکومت نے یکم اگست کو پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا تھا۔