ملک میں رانا ثنا اللہ کی بنائی ہوئی پالیسی چل رہی ہے، فواد چوہدری

شہباز گل پر ظلم کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں رانا ثنا اللہ کی بنائی ہوئی پالیسی چل رہی ہے،

اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازگل کی ضمانت پر حکومت بھاگ رہی ہے، حکومتی وکیل عدالت سے دلائل کے لیے وقت مانگتا رہا ہے۔ آج بھی عدالت نے 2 بجے کا وقت دے دیا، پہلے 8 پھر11 اور اب 2 بجے کا وقت دیا گیا ہے، مقدمے میں حکومت کے وکیل دلائل دینے کو تیار نہیں ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے شہبازگل پر جو مقدمہ کمزور ہے، یہ مقدمہ وہی ہے جو مولانا فضل الرحمان نے کیا تھا، شہبازگل امریکا میں پروفیسر ہیں، ان کا دہشت گرد تنظیموں سے تعلق نہیں، سب کو پتہ ہے کہ یوم عاشور پر موبائل نہیں چل رہے تھے، صرف لینڈ لائن تھا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک میں رانا ثنا اللہ کی پالیسی چل رہی ہے، پہلے بھی شہباز گل پر مظالم کیے گئے، اور یہ لوگ اب پھر انہیں پھر ٹارچر کرنا چاہتے ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت کے اسٹریٹجک سیل بنے ہوئے ہیں، جھوٹی خبر چلوائی گئی کہ شہبازگل وعدہ معاف گواہ بن رہا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی ورکرز پر تشدد بڑھتا جارہا ہے، شہباز گل پر ظلم کی انتہا کی جارہی ہے، پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی اور عمران خان شہباز گل کے ساتھ ہے، ہم نے اس ظلم پر عالمی تنظموں سے بھی رابطہ کیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کا رویہ بہت درست ہے، 25 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت مہذب طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے، عطا تارڑ نے آج ضمانت کروائی اچھی بات ہے۔

Tabool ads will show in this div