پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے

پاکستانی قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وطن عزیز کی بقاءو سلامتی اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بلا شبہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے ان نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ لئے اب اس مملکت خداداد کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا بھی ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی امتیازات اور تمام تر ذاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی حقیقی آزادی اور ترقی کیلئے یکجا ہو جائیں۔

وزیراعلیٰ محمود کا مزید کہنا تھا کہ آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے اور ہم قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

independence day

cm kpk

14 august

Tabool ads will show in this div