بہتر مستقبل کےلیے سب کو اپنے حصے کا چراغ روشن کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
پاکستانی قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے آج کے دن کے مناسبت سے منعقدہ یاد گار شہداء میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خظاب میں وزیراعلیٰ خالد خورشید کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے آباؤ اجداد کے قربانیوں کا یاد دلاتا ہے۔
خالد خورشید کا کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے نظریہ پاکستان اور اسلام کے نام پر بننے والے ملک سے متاثر ہوکر ڈوگروں سے گلگت بلتستان کو آزاد کرایا۔ برصغیر کے تمام مسلمانوں نے اس ملک کی حصول کیلئے قربانیاں دی تاکہ خودمختار ملک کا قیام اور عزت اور غیرت سے اپنی زندگی گزار سکیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حقیقی آزادی ہے جس کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تعلیم ہمارے آنے والے روشن مستقل کیلئے لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی ذمہ داری ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دینی ہوں گی۔ بلاتفریق سب کو اپنے حصے کا چراغ روشن کرنا ہوگا۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور پوری دنیا میں منفرد مقام حاصل کرے گا۔