آج کے دن کشمیری بہن،بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ
پاکستانی قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
کراچی ميں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی مرکزی تقريب مزار قائد پر ہوئی ۔ پاک بحريہ کے چاک چوبند دستوں نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ وزيراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ ہے،اہل وطن کو آزادی مبارک ہو ہمیں آج کے دن کشمیری بہن،بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ ہمیں مل کر اس ملک کو مضبوط کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ جولائی میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئیں ہیں، موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشیں زیادہ ہوئی ہیں، کراچی شہرکےنکاسی آب کےراستوں پرتجاوزات قائم ہوگئیں مگر سندھ حکومت یہ مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے پچھترويں يوم آزادي کا جشن آزاد فضاؤں ميں بھی منايا گيا۔ پی آئی اے کی فضائی ميزبانوں نے مسافروں کے ساتھ ملکر کيک کاٹا اورملی نغمے گاکر آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کو يادگار بناديا۔