آج کا دن ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کے نام کرتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
پاکستانی قوم آج آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، بچے بڑے سب ہی مختلف انداز میں وطن سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید پاک فوج کے شہداء کے نام کرتے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب میں ایک منٹ سائرن بجائے گئے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے پرچم کشائی کی مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہداٗ کے نام کرتے ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ ہاوس کے احاطے میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کاآغاز بھی کیا ، کہا کہ مہم کے دوران 40 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
بلوچستان ہائی کورٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور اندرون بلوچستان ڈپٹی کمشنر دفاتر میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں۔