سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پرویزالہیٰ
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ ( Pervaiz Elahi ) نے سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بے شک ہماری فورسز نے ملک میں امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
لاہور میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک دن آئے گا جب کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ عہد کرلیں کہ ہم نے اپنے وطن کو سنوارنا ہے، اللہ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، پاکستان کے حصول کے لیے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔
صوبے کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے، تمام تر توجہ ترقیاتی کاموں پرہوگی، ہم پنجاب کو مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔
پرویز الہیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیورو کریسی کو ہمارے ہوتے ہوئے کوئی مشکلات نہیں ہوگی، صوبے میں مزید پراجیکٹس اور پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ اولمپکس میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کیلئے انعامات کا اعلان کیا ہے، مفت تعلیم کا سلسلہ بھی گریجویشن اور یونیورسٹی کی سطح تک لے کر جائیں گے۔