فتنہ خان کے پاس پچھلے 26 سال سے ایک ہی اسکرپٹ ہے، رانا ثنااللہ

قوم کو یہ جھوٹ اور متکبرانہ گفتگو مزید دو ماہ سننا پڑے گی، وزیرداخلہ

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ فتنہ خان کے پاس پچھلے 26 سال سے ایک ہی اسکرپٹ ہے، قوم کو یہ جھوٹ اور متکبرانہ گفتگو مزید دو ماہ سننا پڑے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لاہور میں عمران خان کے خطاب میں کنسرٹ، محفل قوالی اور آتش بازی دیکھنے کے علاوہ متکبرانہ، خود پسندانہ اور جھوٹ پر مبنی گفتگو سننے کو ملی۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاگل خان کے یہ جھوٹ پاکستانی قوم پچھلے 26 سال سے برداشت کررہی ہے، فتنہ خان کے پاس پچھلے 26 سال سے ایک ہی سکرپٹ ہے، اب نئے جلسوں کے اعلان سے قوم کو یہ جھوٹ اور متکبرانہ گفتگو دو ماہ مزید سننا پڑے گی۔

رانا ثناء نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو عمران خان کے ہاتھوں 4 سالہ معاشی تباہی اور بدحالی ملی، اللہ تعالی وطن عزیزاور قوم کو اس جھوٹ، فریب، گمراہی اور عمرانی فتنے سے محفوظ رکھے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے يقين ظاہر کيا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت اپنی محنت اور بہتر پالیسیوں سے پاکستانی عوام کو تاریخی ریلیف دے گی۔

Tabool ads will show in this div