ایم ڈی واٹر بورڈ کا تمام غیرقانونی ہائیڈرنٹس فوری مسمار کرنے کا حکم

غیرقانونی ہائیڈرنٹ پایا گیا تو متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی ہوگی، محمد رفیق قریشی

ایم ڈی واٹر بورڈ محمد رفیق قریشی نے شہر بھر میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس فوری طور پر مسمار کرنے اور غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کا حکم دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ افسران علاقے کے معائنے کے بعد کارروائی کریں اور 7 یوم میں سرٹیفکیٹ جمع کرائیں، اس کے بعد بھی ہائیڈرنٹ پایا گیا تو متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی ہوگی۔

ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد رفیق قریشی نے کے ڈبلیو اینڈ ایس بی افسران کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس فوری طور پر مسمار کئے جائیں، متعلقہ افسران اپنے ایریا میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کرکے ایم ڈی سیکریٹریٹ میں رپورٹ پیش کریں۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے تمام غیرقانونی کنکشنز فوری طور منقطع کرنے کا بھی حکم دیا ہے، محمد رفیق قریشی کا کہنا ہے کہ زیر زمین پانی چوروں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، بلک ٹرانسمیشن یا ڈبلیو ٹی ایم کی لائن پر کوئی بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹ یا کنکشن نہیں ہونا چاہئے۔

اہوں نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز اپنے علاقے کا مکمل معائنہ کریں، غیرقانونی ہائیڈرنٹس یا کنکشن ہو تو فوری کارروائی کریں اور کارروائی کے بعد 7 یوم کے اندر اپنے ایریا کا کلیئرنس سرٹیفکیٹ ایم ڈی سیکریٹریٹ میں جمع کروائیں، سرٹیفکیٹ کے بعد بھی اگر ایریا میں غیرقانونی ہائیڈرنٹ یا کنکشن پایا گیا تو متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کوئی رکاوٹ ڈالے تو ثبوتوں کے ساتھ ان کیخلاف رپورٹ پیش کی جائے، پانی چوروں کیخلاف آپریشن کے دوران متعلقہ ادارے عدم تعاون کریں تو اعلیٰ حکام کو فوری آگاہ کیا جائے، غیرقانونی ہائیڈرنٹس، کنکشن اور پانی چوری میں ملوث ملزمان اور فائدہ اٹھانے والوں کی نشاندہی کی جائے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا ہے کہ شہر میں بلدیہ اور این ایل سی ہائیڈرنٹس کو ملاکر کل 8 ہائیڈرنٹس قانونی اور سرکاری ہیں جبکہ واٹر بورڈ کی جانب سے زیر زمین پانی کے 34 لائسنس جاری کئے گئے ہیں، ان کے علاوہ باقی تمام ہائیڈرنٹس اور زیر زمین پانی کے کنکشن غیر قانونی ہیں۔

Hydrants

WATER AND SEWERAGE BOARD KARACHI

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div