آئی جی سندھ کا مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھرپور کارروائی کا اعلان

سندھ کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تمام مفرور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں کارروائی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کیا جائے۔

امن و امان کے حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں تمام افسران کو ضروری ہدایات دی گئیں۔

انہوں نے سینئر پولیس افسران پر زور دیا کہ ڈکیتی، رہزنی، لوٹ مار، چھینا جھپٹی، موبائل فونز/ موٹرسائیکل / کار تھیفٹ / اسنیچنگ، منشیات فروشی، جوئے / دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں، گٹک، ماوا / منظم جرائم کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے اور ایسے جرائم میں ملوث ملزمان ان کے گروہوں اور سہولت کاروں کی گرفتاریوں کیلئے زونل اضلاعی اور علاقائی ٹھوس حکمت عملی اور لائحہ عمل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اجلاس میں شریک تمام افسران کو کہا کہ شہریوں کے تحفظ جیسے اقدامات، ان کی شکایات / ایف آئی آرز کا فری اندراج کیا جائے اور جرائم کے خلاف کارکردگی کو ہر صورت مؤثر اور کامیاب بنایا جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف صوبائی سطح پر ایکشن لیا جائے اور ان میں ملوث عناصر اور گروہوں سے کوئی رو رعایت نہ برتتے ہوئے انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر شہدائے پولیس کے ورثاء کے مسائل مشکلات کو سننے اور فوری ازالے کیلئے پولیس کیمپس قائم کئے جائیں، جس کے تحت شہداء کے خاندانوں سے شیڈول ملاقات کی جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ تمام شیٹ برانچز کے انچارجز ماتحت اسٹاف کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ ریٹائرمنٹ کے قریب پولیس افسران، جوانوں، یا منسٹریل اسٹاف کے تمام ضروری دستاویزی اور قانونی امور کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بروقت پنشن و دیگر مروجہ مراعات کی فراہمی جیسے امور کو یقینی بناکر انہیں پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تھانہ جات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے اقدامات کئے جائیں، پولیسنگ کے عمل میں میرٹ پر خواتین پولیس افسران کو بھی اہم پوسٹس پر ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ قبائلی جھگڑوں / تنازعات کی روک تھام میں متعلقہ سپروائزری افسران اپنے کردار کو مزید مؤثر اور مربوط بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں کیسز کی تفتیش تحقیق اور چھان بین کے عمل کو انتہائی مؤثر اور کامیاب بنانی کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ، زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز کراچی، ایس پیز انویسٹی گیشن کراچی، سی پی او کے سینئر افسران نے براہ راست جبکہ سندھ پولیس کی دیگر رینج کے تمام ڈی آئی جیز، متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز انویسٹی گیشن و دیگر سینئر پولیس افسران نے ذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

Sindh Police

IG SINDH GHULAM NABI MEMON

Tabool ads will show in this div