ن لیگ کی پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کی درخواست مسترد

پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ جلسے کے دوران کوئی نقصان نہ ہو، لاہورہائیکورٹ

تحریک انصاف کا ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کے لئے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ اور ایک وکیل نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

تحریک انصاف نے 13 اگست کو لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، تاہم وفاقی حکومت اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے پر تنقید کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کا نيشنل ہاکی اسٹيڈيم ميں جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ ميں درخواست دائر کی جس میں چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر اور تحریک انصاف کو فریق بنایا گیا۔

عطا اللہ تارڑ کی درخواست پر جسٹس مزمل اختر شبیر نے سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف نے ڈپٹی کمشنر سے جلسہ کرنے کی اجازت لی، اور تحریک انصاف کو ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ کے قانون کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم کو اسپورٹس کے علاہہ کسی اور سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اسپورٹس بورڈ نے اجلاس کے بغیر جلسہ کرنے کی اجازت دی، اسٹیڈیم کو جلسوں اور شادیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا، اسپورٹس بورڈ نے جلسے کی اجازت دیکر اختیارات سے تجاوز کیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ جلسے کے لیے ہاکی اسٹیڈیم سے اسٹروٹرف اتار دی گئی ہے، حکومت کہتی ہے کہ نئی آسٹرو ٹرف کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا، قومی ہاکی ٹیم کےلیے ٹریننگ کے لیے واحد جگہ اسٹیڈیم ہے۔

جسٹس مزمل اختر شبیر نے استفسار درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہماری قومی ٹیم اس وقت کون سے نمبر پر آئی ہے، برمنگھم جانے سے پہلے تو آسٹرو ٹرف موجود تھی پھر کیوں ہم ساتویں نمبر پر آئیں ہیں، کیا کل سے پہلے اب دوبارہ آسٹرو ٹرف دوبارہ فعال ہوسکتا ہے۔

جسٹس مزمل اختر شبیر نے ریمارکس دیئے کہ یہ سوال اس لیے پوچھا کہ جب گراونڈ تھا تب ہاکی ٹیم کی کیا پوزیشن ہے، جب میں طالبعلم تھا تب ہاکی کو پہلی پوزیشن پر دیکھا تھا، کیا کل تک اسٹروٹروف لگ سکتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حکومت سے پوچھ لیں کہ اسٹروٹروف کی قیمت کیا ہے، اور ایک ٹائم فریم دے دیں کہ اتنے دن میں اسٹروٹروف لگا دیں گے، اگر حکومت انڈر ٹیکنگ دے دیتی ہے تو ہمارس مسئلہ حل ہو جائے گا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پاکستان تحریک انصاف کو کسی اور مقام پر جلسہ کرنے کا حکم دے، ہاکی اسٹیڈیم ہمارا اثاثہ ہے اس کے جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

جسٹس مزمل اختر شبیر نے ریمارکس دیئے کہ مال روڑ بھی تو اثاثہ ہے اس پر آپ روز جلسے اور جلوس کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک پر امن جلسہ ہونے جارہا ہے آئین بھی اس کی اجازت دیتا ہے، جلسے سے ایک دن پہلے درخواست دائر کرنا درخواست گزاروں کا کون سا حق متاثر ہوا، درخواست گزاروں کا مقصد کل پی ٹی آئی کا جلسہ روکنا ہے۔

وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ جلسے کی اجازت قانون کے مطابق دی گی، جلسے سے کسی کے حقوق کی خلاف وزری نہیں ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ نے عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر کی ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ جلسے کے دوران کوئی نقصان نہ ہو، اور ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹروف جلد از جلد لگائے۔

شہری کی درخواست

محمد کاشف نامی شہری نے بھی تحریک انصاف کا 13 اگست کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

محمد کاشف نے عرفان ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں ڈی جی اسپورٹس اور ڈی سی کو فریق بنایا۔

درخواست گزار کاشف نے بھی موقف اختیار کیا کہ جلسے کے لیے آسٹروٹرف کو اکھاڑا جارہا ہے، جس کو اکھاڑنے اور بچھانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ ہوں گے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت فوری طور پر ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کا حکم جاری کرے، اور درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

ہاکی اسٹیڈیم کا آسٹروٹرف اکھاڑنے کا نقصان

تحریک انصاف نے 13 اگست کےجلسے کے انتظامات کے سلسلے میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی کروڑوں روپے کی آسٹروٹرف کو اکھاڑا جارہا ہے۔ ایشیا کے سب سے بڑے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے آسٹرو ٹرف اکھاڑنے سے 15 کروڑ روپے کا نقصان ہو گا۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 2012 میں آسٹرو ٹرف بچھائی گئی جو ن لیگ دور میں ہالینڈ سے آسٹرو ٹرف امپورٹ کی گئی۔ امپورٹ پر پابندی کی وجہ سے ہاکی اسٹیڈیم کو مزید ٹرف نہیں ملے گی۔

ڈائریکٹرپنجاب اسپورٹس بورڈ سید عمیر حسن کا کہنا ہے کہ ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی اس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کا کوئی عمل دخل نہیں۔

ڈائریکٹرپنجاب اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ آسٹروٹرف تبدیلی کی سمری تیار ہوچکی ہے۔ ایک ہفتے تک آسٹروٹرف تبدیل کرنے کی سمری ارسال کردی جائے گی۔ چند ماہ تک آسٹروٹرف امپورٹ کرکے لگائی جائے گی۔

PTI jalsa

National Hockey Stadium

Tabool ads will show in this div