عمران خان کا پاکستان میں امریکی سفیر سے رابطے کا انکشاف

ڈونلڈ لو کے خیالات حکومت کا مؤقف نہیں بننا چاہئے تھا،عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان رابطہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور امریکی سفیر کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سائیڈ روم میں تنہا لے جا کر امریکی سفیر اور سابق وزیراعظم عمران خان کے درمیان بات کرائی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو کے خیالات کو امریکی حکومت کا مؤقف نہیں بننا چاہیے تھا۔ پاکستان کے عوام نے اسی لیے امریکا کے خلاف شدید ردعمل دیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ مجھے ذمہ داری سنبھالے دو ماہ کا عرصہ ہوا ہے، آپ کی بات سے اپنی حکومت کو آگاہ کروں گا۔

خیال رہے کہ 4 اگست کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی تھی۔ جس میں صوبائی وزیر خزانہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں حکومتوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ محمود خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ڈونلڈ لو کون ہیں؟

یہ بات قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ایک جلسہ سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ایک ملک کی جانب سے حکومت پاکستان کو دھمکی دی گئی ہے۔

جلسے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور تقریر میں دعویٰ کیا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر سے کہا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو وہ پاکستان کو معاف کر دیں گے۔

عمران خان کا موقف ہے کہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی دفتر خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو اس امریکی سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد ان کی حکومت کو ہٹانا تھا۔

پی ٹی آئی کی عمران خان اور امریکی سفیر کے رابطے کی تردید

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور اسد عمر نے عمران خان اور امریکی سفیر کے درمیان رابطے کی خبر کی تردید کردی۔

ٹوئٹر بیان میں شیریں مزاری نے کہا اس بات میں صداقت نہیں کہ عمران خان اور امریکی سفیر کے درمیان کسی قسم کا رابطہ ہوا ہے۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا جیسے ہر ہفتے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں اسی طرح عمران خان اور امریکی سفیر کے درمیان رابطے کی کہانی سامنے آئی ہے۔

IMRAN KHAN

american ambassador

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div