شہبازگل کو ٹرانسکرپٹ عمران خان نے دیا تھا، وزیراطلاعات

عمران خان نے اپنے ترجمانوں کے ذریعے فوج کو بغاوت پر اکسایا، مریم اورنگزیب

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہی اپنے چیف آف اسٹاف کو ٹرانسکرپٹ دیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، نوجوانوں سے روزگار ہی عمران خان نے چھینا ہے، 351 غیرملکی کمپنیوں سے فارن فنڈنگ الگ لی، توشہ خانہ سے تحائف لے کر بیچ ڈالے، اور جب سوال کیا گیا تو اپنی چوریوں کا جواب دینے کے بجائے الٹا الزام تراشی شروع کردی، اگر آپ نے چوری نہیں کی تو رسیدیں دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ فارن فنڈنگ کہاں خرچ کی، پی ٹی آئی اراکین عمران خان سے سوال کریں، پی ٹی آئی کے کارکن بھی ان کے اقدامات سے ناراض ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ غیرملکی فنڈنگ پاکستان کا دفاع کمزور کرنے میں خرچ کی گئی، عمران خان نے اپنے ترجمانوں کے ذریعے فوج کو بغاوت پر اکسایا اورفوج کو تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں، فارن ایجنٹس نے سیاسی جماعت کا سہارا لیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ لسبیلہ سے متعلق مہم الیکشن کمیشن فیصلے سے توجہ ہٹانے کے لیے چلائی گئی، شہبازگل نے اداروں کے خلاف تحریر نجی ٹی وی پر پڑھی، اور عمران خان نے ہی اپنے چیف آف اسٹاف کو ٹرانسکرپٹ دیا تھا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ لے کر اس کو الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کیا، 5 سال جھوٹے حلف نامے جمع کرائے، الیکشن کمیشن نے 8 سال بعد ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گزشتہ روز غلط بیانی کرتے ہوئے پسینہ آرہا تھا، وہ وضاحت دے رہے تھے اور خود کو نواز شریف سے ملا رہے تھے، دو جھنڈے رکھ کر جھوٹ بولنے والا شخص پاکستان کے جھنڈے کی بھی تذلیل کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے صدر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے آئین شکنی کروائی، انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسیز کو برطانیہ تک کیسز بھیجے، لیکن دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکے، عوام کو پتہ ہونا چاہیے کہ نواز شریف کے خلاف صرف پانامہ کیس میں تنخواہ کا معاملہ نکلا۔

IMRAN KHAN

Maryum Aurangzeb

Tabool ads will show in this div