طالبان سے بات چیت چل رہی ہے لیکن خطرہ بڑھ رہا ہے،خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ طالبان سے بات چیت چل رہی ہے لیکن خطرہ بڑھ رہا ہے اور خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہورہے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے طالبان کو ویلکم کیا تھا مگر اب خیبرپختونخوا میں طالبان کیخلاف جلوس نکالے جارہے ہیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر شہری کی ہلاکت پر دونوں جانب سرد مہری کا ماحول ہے، دوہفتے سے پاک افغان غلام خان کراسنگ پوائنٹ بند ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ طالبان کا مسئلہ صرف خیبرپختونخوا کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے، تحریک طالبان کے معاملے پر پارلیمان کو 2 مرتبہ بریفنگ دی گئی، تحریک طالبان سے بات چل رہی ہے لیکن خطرہ بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ سرحد پر باڑ کے باوجود لوگ کیوں پاکستان آرہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ کیا اس نے فاٹا کا انضمام واپس لینے کی کوئی کمٹنٹ کی ہے؟ خیبر پختون خوا کے عوام کی زندگی اور خوشحالی سے نہ کھیلا جائے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے لوگوں کی جانب سے گذشتہ روز دہشت گردی کے خلاف احتجاج کرنے سے قوم نے ریاست کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ قوم کسی دوسرے کی جنگ میں ایندھن نہیں بنے گی۔