پاکستان کے75 برس ۔۔۔ 75 دلچسپ باتیں (حصہ اول)
رواں برس پاکستان اپنا 75واں جشن آزادی منارہا ہے، وطن عزیز آج انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ہر شخص مہنگائی، معاشی بدحالی اور بدامنی جیسے مسائل سے دوچار ہے لیکن کچھ ایسی باتیں بھی ہیں جو ہمارے وطن کو دوسروں سے ممتاز بنادیتی ہیں۔ ایسی ہی چند باتوں کو ہم ہر پاکستانی کے ذہنوں میں تازہ کرنے کے لئے سامنے لارہے ہیں۔
تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت
14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ جس کے بعد دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہوئی۔ غیر جانبدار ذرائع کے مطابق 55 لاکھ سے زائد مسلمان بھارت کے مختلف علاقوں سے اپنا آبائی گھر چھوڑ کر پاکستان پہنچے اور اسی سرزمین کو اپنا وطن مانا۔
ہرقسم کا موسم
اللہ تبارک وتعالیٰ نے پاکستان کو دنیا کی ہر نعمت سے نوازا ہے، پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں گرم پانی کے ساحل ہیں تو وہیں بڑے بڑے دریا بھی ہیں، ایک جانب دنیا کے بلند ترین پہاڑ اس ملک میں واقع ہیں تو میدانی علاقے بھی ہیں، اگر لق و دق ریگستان ہیں تو سرسبز کھیت کھلیان بھی ہیں، شدید گرم موسم ہے تو برف پوش وادیاں بھی ہیں۔
کےٹوکی چوٹی
پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی بلندترین پہاڑی چوٹی کےٹو موجود ہے۔اس کی بلندی 28,251 فٹ ہے۔ یہ قراقرم پہاڑی سلسلہ میں موجود ہے۔
ایشیا کی سب سے بڑی جھیل
سندھ کی منچھر جھیل کو ایشیا کی سب سے بڑی جھیل کہا جاتا ہے۔ یہ جھیل سہون شریف سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ گہرائی 16 فٹ اور 23.6 کلومیٹر چوڑی ہے۔
قدیم ترین قبرستان
سندھ کے ضلع ٹھٹہ کے قریب موجود مکلی کے قبرستان کو دنیا کے بڑے اور قدیم قبرستانوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اسے ایشیا کے سب سے بڑے قبرستان کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس قبرستان میں شاہی خاندان سمیت امرا اور دیگر معززین کی قبریں بھی ہیں۔
جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد
اسلام آباد میں فیصل مسجد کو جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ مسجد مارگلہ پہاڑی کے دامن میں واقع ہے۔ اس مسجد کا نام سعودی بادشاہ فیصل پر ہے۔ مسجد 1986 میں مکمل ہوئی تھی۔
پرندوں کی آمد کے لیے مشہور جھیل
ضلع ٹھٹہ میں ہالیجی جھیل کو ایشیا میں پرندوں کے لیے سب سے بڑی محفوظ قدرتی جھیل قرار دیا جاتا ہے۔ اس جھیل کی لمبائی 2 کلومیٹر اور زیادہ سے زیادہ گہرائی 16 فٹ ہے۔
بینک کا بلند ترین اے ٹی ایم
نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے شاہراہ قراقرم پر خنجراب پاس کے مقام پر پاک چین سرحد کے قریب سال 2016 میں ایک اے ٹی ایم نصب کی، جو زمین کی سطح سے 15 ہزار 397 فٹ بلند ہے۔،اسے دنیا کے بلند ترین مقام پر نصب اے ٹی ایم مشین کا اعزاز حاصل ہے۔
جامشورو کا مشہور قلعہ
ضلع جامشورو میں رنی کوٹ قلعے کو دیوار چین سے بھی طویل مانا جاتا ہے۔یہ سن شہر کے پاس موجود ہے۔ یہ قلعہ 32 کلومیٹر طویل ہے۔
بلند ترین پولو گراؤنڈ
شندور کا پولوگراؤنڈ دنیا کا بلند ترین پولو کا میدان ہے۔اپرچترال میں یہ میدان سطح سمندر سے 3,738 میٹر بلندی پر موجود ہے۔
شپ بریکنگ یارڈ
گڈانی میں واقع شپ بریکنگ یارڈ کو دنیا کا تیسرا بڑا بریکنگ شپ یارڈ مانا جاتا ہے۔ یہ کراچی سے 40 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ یارڈ کا رقبہ 10 کلومیٹر پر محیط ہے۔
آنسو جھیل کی انفرادیت
کاغان ویلی میں سیف الملوک کے قریب واقع آنسوجھیل کو دنیا کی منفرد جھیل کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ جھیل آنکھ سے نکلنے والے آنسو کی مانند ہے۔
کمپیوٹرکےمیدان میں پاکستانی کی شہرت
دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنلز ارفع کریم کا پاکستان سے تھا۔ ان کا انتقال صرف 16 برس کی عمر میں ہوا۔
دنیا کا نواں بڑا صحرا
تھر کو دنیا کے نویں بڑے صحرا کا درجہ حاصل ہے۔ اس کا رقبہ 238,254 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ یہاں پر سالانہ 10 انچ سے کم بارش ہوتی ہے اور موسم گرما میں یہاں کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔
مرچ منڈی
سرخ مرچ کی منڈی کو ایشیا کی سب سے بڑی مرچ منڈی کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ منڈی ایشیا میں موجود ہے۔
اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی بجلی گھر
اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی بجلی گھر کینپ پاکستان میں 1972 میں آپریشنل ہوا۔ بجلی گھر کے نئے ریکٹریونٹ سے 1,100 میگاواٹ بجلی بنائی جاتی ہے۔
دنیا کے بلند ترین محاذ پر وطن کا دفاع کی سرزمین
سیاچن کا شمار دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ میں ہوتا ہے۔ یہ لداخ کے پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے۔ ہمالیہ پہاڑی کے قراقرم سلسلہ میں سیاچن واقع ہے۔ پاکستان کے قبضے میں سیاچن کا جنوبی حصہ ہے۔
اسلامی ایٹمی ملک
پاکستان کے جوہری ہتھیار کا پروگرام 1972 میں ذوالفقار علی بھٹو نے قائم کیا۔ ابتدا میں یہ پروگرام پاکستان ایٹامک انرجی کمیشن کے زیرانتظام تھا۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹینکوں کی دوسری بڑی لڑائی کا فاتح
پاکستان اور بھارت کے درمیان 1965 میں ہونے والی جنگ میں چونڈا کے مقام پر ٹینکوں کے لڑائی لڑی گئی۔ یہ لڑائی جنگ عظیم دوم کے بعد کسی بھی جنگ میں ٹینکوں کی دوسری بڑی لڑائی تھی۔ بھارت اور پاکستان کے ٹینک 14 ستمبر سے 18 اور19 ستمبر کے درمیان چونڈا میں آمنے سامنے ہوئے اور پھر پاکستان فاتح بن کر سامنے آیا۔ اس لڑائی میں بھارت کے تقریباً 150 جبکہ پاکستان کے 40 ٹینک تباہ ہوئے۔
سب سے زیادہ بلند ترین پہاڑوں کی سرزمین
پاکستان میں بلند ترین پہاڑوں کا سلسلہ قراقرم میں واقع ہے۔ ہمالیہ کے پہاڑوں میں نانگاپربت واقع ہے جب کہ ہندوکش میں ترچ میرکے پہاڑ ہیں۔
دنیا کی چھٹی بڑی فوجی طاقت
پاکستان کے مسلح افواج میں مجموعی طور پر 651,800 افسران اور اہلکار موجود ہیں۔ پیراملٹری فورسز میں 291,000 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ 550,000 اہلکار ریزو فورس میں ہیں۔
دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام
پاکستان میں دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام موجود ہے۔ اس نہری نظام سے 48 ملین ایکٹر اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں موجود کنالوں کی مجموعی لمبائی 62 648 کلومیٹر ہے۔
دنیا کی دوسری سب سے بڑی نمک کی کان
پنڈ دادن خان میں دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان موجود ہے۔کھیوڑا کی نمک کی کانوں سے سالانہ تین لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن نمک نکالا جاتا ہے۔
پاکستان فوسلز کی جنت
پاکستان میں بڑے پیمانے پر جانوروں کی باقیات ملی ہیں۔ ان میں قدیم ہاتھیوں سمیت ڈائنوسور اور گینڈے کی باقیات بھی شامل ہیں۔
قدیم تہذیبوں کا مرکز
پاکستان میں 7000 قبل مسیح کی مہر گڑھ تہذیب کی باقیات بلوچستان سے ملی ہیں۔ اس تہذیب کو انڈس ویلی تہذیب کی شروعات کہا جاتا ہے۔ پاکستان میں ملنے والی ہڑپہ تہذیب کی تاریخ 3300 قبل مسیح سے 1300 قبل مسیح قدیم ہے۔