معروف بھارتی کامیڈین راجو سری واستو کو دل کا دورہ

راجو سری واستو جم میں ورزش کررہے تھے

بھارت کے معروف کامیڈین راجو سری واستو کو ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجو سری واستو کو اس وقت دل میٓں تکلیف محسوس ہوئی جب وہ نئی دہلی کے ایک جم میں ورزش کررہے تھے۔

دل میں تکلیف پر راجو سری واستو کو فوری طور پر نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔

راجو سری واستو نے بھارت کے مشہور کامیڈی پروگرام ‘‘انڈین لافٹر چیلنج’’ سے عروج پایا، سیاست میں بھی سرگرم ہیں اور بی جے پی میں شامل ہیں۔ ان کے پرسنل اسسٹنٹ اجیت سکسینہ کا کہنا ہے کہ راجو سری واستو پارٹی کے کچھ اہم رہنماؤں سے ملاقات کے لئے دہلی پہنچے تھے۔

اجیت سکسینہ نے مزید کہا کہ راجو سریواستو کی طبیعت اب ٹھیک ہے، جلد ہی ان کی صحت کی میڈیا کو مزید آگاہ کردیا جائے گا۔

راجو سری واستو پہلے بھارتی اداکار نہیں جنہیں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑا ہو۔ گزشتہ برس بھارتی اداکار پنیت راج کمار بھی ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

Tabool ads will show in this div