شہباز گل کو عدالت میں پیش کرینگے، فیصلہ عدالت کرے گی،راناثنااللہ

سازش کے تحت ایک بیانیہ بنایا گیا جو اسکرپٹڈ تھا،وزیرداخلہ
Aug 09, 2022

وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ شہبازگل کی گرفتاری اغواء نہیں بلکہ شکایت پر مقدمہ درج ہوا ہے۔ شہباز گل کو عدالت میں پیش کرینگے، فیصلہ عدالت کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ چاہتا تو شہباز گل کی گاڑی سے ہیروئن برآمد ہوسکتی تھی، لیکن ایسی شرمناک حرکت ہم نہیں کریں گے۔

راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی رائے ہے کہ جرم سرزد ہوئے ہیں اسی لیے پولیس نے شہباز گل کو گرفتار کیا ہے اور تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،آزادانہ تحقیقات ہونگی، تفتیش میں تعین ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک نجی چینل کے ساتھ ملکر باقاعدہ سازش کی گئی اور شہباز گل نے طے شدہ پروگرام کے مطابق نجی چینل پر بیانیہ پڑھ کر سنایا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس اورفارن فنڈنگ کیس سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان کی زیرنگرانی سازشی بیانیہ ترتیب دیا گیا ۔ ادارے کے تمام رینکس میں بغاوت کو اکسانے کے لئے ناپاک جسارت کی گئی۔

راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہداء سے متعلق منفی مہم چلائی گئی، عمران خان نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتا ہے، سازش کے تحت ایک بیانیہ بنایا گیا جو اسکرپٹڈ تھا۔

انہوں نے کہا کہ توہین آمیز ٹوئٹ کرنے میں پی ٹی آئی کا ہاتھ تھا، ٹوئٹ کرنے والے زیادہ تر لوگ معافی تلافی کی طرف جارہے ہیں، شہباز گل کے پیچھے کون لوگ ہیں یہ بھی دیکھا جائے گا۔ مزید کہا کہ یہ بڑی سنگین غلطی کربیٹھے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ بات اداروں کے اندر تقسیم اور ڈسلپن سے متعلق ہے۔ یہ کہہ رہے ہیں فلاں رینکس ہمارے ساتھ ہیں۔ یہ سنجیدہ معاملہ ہے۔ اس میں جو بھی سامنے آئے گا، چاہے اس کی جو بھی پوزیشن ہو، اسے گرفتار کیا جائے گا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مجھے پنجاب میں کسی پروٹوکول کی ضرورت نہیں، کوئی صوبہ بغیر اجازت اسلام آباد میں پولیس نہیں بھیج سکتا۔

RANA SANAULLAH

SHAHBAZ GILL

Tabool ads will show in this div