کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تبادلہ

کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا، آئی ایس پی آر

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کردیئے گئے، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات کور کمانڈر پشاور ہوں گے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور سے ہٹا کر کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا، ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات کور کمانڈر پشاور ہوں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء ملٹری سیکریٹری پاک فوج ہوں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء کور کمانڈر بہاولپور (31 کور) کے طور پر کام کررہے تھے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے تھے، وہ جی ایچ کیو میں نومبر 2020ء سے تعینات تھے، انہیں آصف غفور اور دیگر 3 افسران کے ساتھ تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

رواں ماہ بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ کے شہید ہونے کے بعد چند روز قبل لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا تھا۔

جنرل فیض حمید کون ہیں؟

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو جون 2019ء میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ پاکستان آرمی جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا پنجاب کے ضلع چکوال اور پاک فوج میں بلوچ رجمنٹ سے تعلق ہے۔ انہوں نے چیف آف اسٹاف راولپنڈی 10 کور، جنرل آفیسر کمانڈنگ پنو عاقل اور آئی ایس آئی ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

Pakistan Army

LT.GENERAL FAIZ HAMEED

Jabbar Bhatti Aug 09, 2022 01:16pm
Love you Gen . Faiz we proud of You with Pakistan army. Many prayers for your more more successes.
Tabool ads will show in this div