پی ٹی آئی کا 13 اگست کے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ

تحریک انصاف اسلام آباد کے بجائے لاہور میں جلسہ کرے گی

پاکستان تحریک انصاف نے جشن آزادی جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اب 13 اگست کی شام اسلام آباد کے بجائے لاہور میں جلسہ کرے گی۔ جلسہ لاہور ہاکی گراؤنڈ میں ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جلسہ 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوگا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے بھی ایک ٹویٹ میں 13 اگست کو جلسے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو پی ٹی آئی اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی تاہم اب جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں 6 اگست کو پریس کانفرنس کے دوران فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائیوں میں جلدبازی کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جس کی غیرجانبداری ہی ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو انتخابات کےلیے بہت وقت دیا، 13 اگست کے جلسے میں وفاقی حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈلائن دیں گے۔

PTI

IMRAN KHAN

Tabool ads will show in this div