پنجاب حکومت کا ارشد ندیم کے گاؤں میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

ارشد ندیم کا استقبال میں خود کروں گا، وزیر کھیل پنجاب

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے لئے مختلف انعامات کا اعلان کیا جارہا ہے، اور وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات جاری کئے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور خان نے پاکستان کے فخر ارشد ندیم کے گاؤں میں اسٹیڈیم کی فوری تعمیر شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، میں ان کا استقبال خود کروں گا، اور ان سمیت میڈلز لینے والے تمام اتھلیٹس کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

ملک تیمور خان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم پر پوری قوم کو فخر ہے، انہیں پہلے بھی اسپورٹس سہولیات دیں، اور اب بھی ہرممکن سہولیات دیں گے، صوبائی اسپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

واضح رہے کہ اتوار کی رات برمنگھم میں ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے فائنل میں سب کو پیچھے چھوڑدیا۔ کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں چھیاسی اعشاریہ آٹھ ایک میٹر تھرو کی۔

ارشد کی دوسری باری فاؤل کی وجہ سے ضائع ہوئی۔تیسری کوشش میں ارشد ندیم نے ریکارڈ اٹھاسی میٹر تھرو کی۔

چوتھی کوشش میں ارشد ندیم نے پچاسی اعشاریہ صفر نو میٹر تھرو کی جبکہ پانچویں باری میں ریکارڈ نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹرتھرو کرکے کامن ویلتھ میں سب سے لمبی تھرو کا ریکارڈ بنالیا۔

ارشد ندیم جیولن تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔ انھوں نے جیولن ایونٹ میں ایشیا کے کسی بھی ایتھلیٹ سے زیادہ لمبے فاصلے پر جیولن تھرو کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

ارشد ندیم کے لئے انعامات کا اعلان

ڈائریکٹرجنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ آصف زمان نے ارشد ندیم کے لئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

سندھ کے صوبائی وزیرناصرحسین شاہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے اولمپک سے پہلے 2 سال کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ذاتی خرچے پرجرمنی ٹریننگ کے لیے بھجوانے کو تیار ہوں۔

ارشد ندیم کے کیریئر پر ایک نظر

ارشد ندیم 5 بھائیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ انھوں نے 2 جنوری 1997 میں آنکھ کھولی اور ان کے والد کنٹریکٹر ہیں۔ ارشد نے پنجاب یوتھ فیسٹول میں کئی گولڈ میڈلز حاصل کئے۔ انھوں نے انٹربورڈ ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کےبعد قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔

ارشد ندیم کو سال 2016 میں ورلڈ ایتھلیٹکس کی جانب سے اسکالرشپ دی گئی جس کے بعد انھوں نے ماریشیس میں بین الاقوامی سینٹر میں ٹریننگ حاصل کی۔

جون 2016 میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ویتنام میں ہونے والی ایشین جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73.40 میٹر تھرو پھینک کر ملک کیلئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

مئی 2017 میں ارشد ندیم نے باکو میں ہونے والےاسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں 76.33 میٹر دور جیولن پھینک کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اپریل 2018 میں گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں ارشد ندیم نے کوالی فائنگ راؤنڈ میں 80.45 میٹر دور جیولن پھینک کر اپنا ریکارڈ بہتر کیا۔

سال 2019 میں دوحہ میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں ارشد ندیم نے 81.52 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر اپنا اور قومی ریکارڈ قائم کرڈالا۔

اس ہی سال نومبر میں پشاور میں ہونے والے 33ویں نیشنل گیمز میں واپڈا کی جانب سے ارشد ندیم نے 83.65 میٹر دور جیولن پھینک کر سونے کا تمغہ حاصل کیا اور قومی ریکارڈ قائم کردیا۔

دسمبر 2019 میں، نیپال میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں ارشد ندیم نے 86.29 میٹر دور جیولن پھینک کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

پچھلے برس ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ میں گولڈ ميڈل کيلئے12 ايتھليٹس ميں مقابلہ تھا۔ اس ایونٹ میں ارشد نديم پاکستان کے ميڈل کی واحد اميد تھے۔

انھوں نے پہلی کوشش میں 82.40 میٹر تک جیولین تھرو کی۔ دوسری کوشش میں ارشد کی جیولین مطلوبہ لائن سے آگے نہ جاسکی اور فاؤل ہوگیا تھا۔ ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں 84.62 میٹر تک جیولین تھرو کی تھی۔ پہلے 12 ایتھلیٹس کےمقابلے میں ارشد چوتھے نمبر پر آئے اور انھوں نے ٹاپ8 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی تھی۔

جیولین تھرو ایونٹ میں ٹاپ 8 ایتھلیٹس کے مقابلے میں پہلی کوشش میں ارشد ندیم نے 82.91 میٹر تک جیولین تھرو کی۔ دوسری کوشش میں انھوں نے 81.98 میٹرتک جیولین تھرو کی۔ تیسری کوشش میں ارشد ندیم ڈس کوالی فائی ہوگئے تھے۔

پچھلے ماہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے ارشد ندیم ( Arshad Nadeem ) پانچویں پوزیشن حاصل کرسکے تھے۔ ارشد ندیم نے 86.16 میٹر کی تھرو کی، تاہم یہ تھرو ارشد ندیم کی اس سیزن میں بہترین تھرو بھی تھی۔

اس سے قبل ارشد ندیم نے گروپ بی کوالیفائنگ راونڈ میں 81.71 میٹر تھرو کی جو تیسری باری میں سب سے بہترین تھی۔

Arshad Nadeem

Government of Punjab

Tabool ads will show in this div