ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس؛ سیکیورٹی انتہائی سخت

مجالس عزا میں واقعہ کربلا کے محرکات، سیرت اہلبیت اور فلسفہ شہادت بیان کئے جارہے ہیں

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں جب کہ ماتمی جلوس بھی اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں ماتمی جلوسوں کے راستوں اور حساس مقامات موبائل فون سروس بند ہے جب کہ منگل کی رات تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

کراچی میں ماتمی جلوس

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، رینبو سینٹر، ریگل چوک، تبت سینٹر اور میمن مسجد سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا۔

مرکزی جلوس کے علاوہ امام بارگاہ باب فاطمہ لیاقت آباد سے بھی ایک ماتمی جلوس برآمد ہوا جو امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ پر اختتام پزیر ہوگا۔

اس کے علاوہ شہر بھر میں مجالس عزا اور لنگر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

دم گھٹنے سے 6 عزا دار جان کی بازی ہار گئے

پیر کی صبح روہڑی میں سخت گرمی اور حبس کے باعث ماتمی جلوس میں شریک 6 عزادار دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

لاشوں کو روہڑی کے تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسپتال انتظامیہ نے تمام 6 افراد کی موت کی تصدیق کردی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں کی شناخت حاکم علی، کامران خان، دلشیر، حسن پٹھان، منصور سولنگی اور ذوالفقار سولنگی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق سخت گرمی اور حبس کے علاوہ عزاداروں کے رش کے باعث 6 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔

لاہور

لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو خیمہ سادات سے ہوتا ہوا دوبارہ اسلام پورہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

شہر میں کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لئے 10ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی 6 ٹو سے برآمد ہوگا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشری پر اختتام پذیر ہوگا۔

امن وامان کےپیش نظر اسلام آباد کے بعض علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق جی 6، جی سیون، جی ایٹ اور جی نائن میں صبح 9 سے رات 12 بجے جب کہ آئی ٹین میں رات 10 بجے سے صبح 6 تک موبائل فون سروس بند ہوگی۔

پشاور

صوبہ خیببر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 9 محرم الحرام کا ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ صدر بازار سے برآمد ہوا ہے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ اسی مقام پر اختتام پزیر ہوگا۔

شہر میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور ایف سی کے مجموعی طور پر 6 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔

کوئٹہ

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوا۔

کوئٹہ میں عاشورہ جلوس کے حوالے سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی فدا حسین شاہ نے بتایا کہ پولیس اور ایف سی کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی سید فدا حسین شاہ کے مطابق ہزارہ ٹائون اور مچھ سے آنے والے جلوس بھی مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے، جلوس کا روٹ خاردار تاروں اور ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا گیا، دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

فدا حسین شاہ نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس صبح آٹھ سے رات 12 بجے تک بند رہے گی، جلوس کا روٹ تین کلو میٹر ہے، جس کی نگرانی ہیلی کاپٹر اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی کی جائے گی۔

دیگر شہروں اور قصبات کی صورت حال

وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے جب کہ مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں۔ جن میں خطباء، علمائے کرام اور واعظیم و ذاکرین واقعہ کربلا کے محرکات، سیرت اہلبیت اور فلسفہ شہادت بیان کررہے ہیں اس کے علاوہ جگہ جگہ لنگر کا اہتمام اور سبیلیں لگائی گئی ہیں۔

MUHARRAM UL HARAM

MUHARRAM PROCESSION

Tabool ads will show in this div