کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد موسم بھی خوشگوار ہوگیا ہے۔
اس وقت شہر میں ملیرماڈل کالونی، گلشن حدید، ملیر، ماڈل کالونی، گلشن حدید، بحریہ ٹاؤن، شارع فیصل، اسٹیل ٹاؤن، سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ، میمن گوٹھ اور گڈاپ میں تیز بارش ہورہی ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی ایک بار پھر جمع ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹرینیں لیٹ
شدید بارش کے باعث کراچی سے ٹرینوں کی آمدرفت میں بھی تاخیر ہورہی ہے، اور ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے عوام سے تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق بارش کے باعث قراقرم ایکسپریس 03:30 کے بجائے شام 04:15 پر روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپرس 04:00 کے بجائے شام 05:40 پر روانہ ہوگی، 43 آپ شاہ حسین ایکسپرس 07:30 کے بجائے 08:00 بجے روانہ ہوگی، جب کہ بقیہ تمام ٹرین اپنے مقررہ اوقات پر روانہ ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ الرٹ کے مطابق آئندہ دنوں کے دوران 10سے 13اگست2022 میں مزید مون سون بارشیں جاری رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ 10 اگست (بدھ) سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک میں داخل ہونگی۔ جس کے باعث 9 اگست کے دوران کشمیر،اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
جب کہ 10سے 13 اگست کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ممکنہ اثرات
8 سے 12 اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ اس دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد ، شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد،مانسہرہ، دیر ،کرک،بنوں، لکی مروت، کشمیر مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق 11سے 13 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین،حیدرآباد، دادو، جام شورہ، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔
لاہور
لاہور کے مختلف علاقوں میں اتوار 7 اگست کو کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے گرمی کی چھٹی کردی۔ میٹ آفس کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا۔
بلوچستان
مون سون کے باعث قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی، بولان، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، تربت،پنجگور، پسنی، جیوانی، اور ماڑہ، گوادر اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا
اس دوران کشمیر، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات ، مری ،چلاس، دیا میر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
صوبائی حکومتوں کی جانب سے مسافروں اور سیاحوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس دوران مسافر مزید محتاط رہیں۔
شیری رحمان
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے، بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، آج سے کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو جائے گا۔
شیری رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
نوٹ: بارش کا حالیہ بننے والا سسٹم پی ایم ڈی کے ریڈار سے ظاہر ہو رہا ہے۔