وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ سے مولانا حنیف جالندھری کی ملاقات

نکاح نامے میں شق کی تبدیلی سے متعلق گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے نکاح رجسٹرار کو ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے والے نئے فارم فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ نیا نکاح فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو 1 ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے سیکریٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کی اتوار 7 اگست کو لاہور میں ملاقات کی۔

اس موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کی شق شامل کرنے پر وزیراعلیٰ کے مثالی اقدام کو سراہا۔

مولانا محمد حنیف جالندھری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ احسن اقدام دین کی بڑی خدمت ہے۔ یہ اقدام انتہائی قابل قدر ہے، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب صوبے میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نکاح رجسٹرار کو ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے والے نئے فارم فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ نئے فارم نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیا نکاح فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو 1 ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور میں اس وقت کی کابینہ کے اجلاس میں نکاح نامے میں ختم نبوت کا کالم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم مارچ 2022 کو کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے تحت ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی تھی۔

اس ترمیم سے نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کی شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نکاح کے وقت دولہا دلہن کو ختم نبوت پر ایمان کا حلف دینا ہوگا۔

اس سے قبل 26 اکتوبر سال 2021 کو پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر نکاح نامے میں ختم نبوت کا کالم شامل کرنے کی قرارداد منظور کی تھی۔

پاسپورٹ

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں پاسپورٹ بنوانے کے لیے بھی اس حلف نامے پر دستخط کرنا ہوتے ہیں جس کی وجہ پاکستان میں 1974 کی وہ آئینی ترمیم ہے جس کے تحت احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا تھا۔

Tabool ads will show in this div