فارن فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے عمران اسماعیل اور رکن سندھ اسمبلی کو طلب کرلیا
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سندھ نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن سندھ اسمبلی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ دونوں کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے سندھ زون ون کے ڈائریکٹر عبداللہ شیخ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
ایف آئی اے کمیٹی کی سربراہ کمرشل بینکنگ سرکل کی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی ہوں گی جبکہ دیگر اراکین میں اسسٹنٹ ڈائریکٹڑ رؤف شیخ، انسپکٹر سبین غوری، انسپکٹر آفتاب وٹو اور سب انسپکٹر راحت خان شامل ہیں۔
ایف آئی اے سندھ زون ون کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اکنامک کرائم ڈائریکٹر اسلام آباد نے ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور افراد کی طرف سے بینک اکاؤنٹس کھولنے اور چلانے میں اختیار کی گئی بے ضابطگیوں کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم کی روشنی میں پیراگراف نمبر 4 اور پیراگراف نمبر 43 پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحقیقات کی جائیں۔
مزید جانیے: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے 3 افراد کے بیانات قلمبند کرلیے
ایف آئی اے کمیٹی کی جانب سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کی سابق رکن سندھ اسمبلی سیما ضیاء کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ عمران اسماعیل کو 15 اگست جبکہ سیما ضیاء کو 12 اگست کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
کمیٹی نے مشتبہ بینک ٹرانزکشنز کی تفصیلات جاننے کیلئے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینجز کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دو نجی بینکوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ایف آئی اے کی اور ایک کمیٹی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی رہنماء محمود الرشید کو بھی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات کیلئے 11 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔