کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع

چند گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے چند گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج رات سے تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہورہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بادل مشرق کی جانب سے کراچی کی طرف بڑھ رہے ہیں، چند گھنٹوں میں شہر میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ 9 اگست تک جاری رہے گا جبکہ 11 سے 13 اگست تک موسلاھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 اگست کو کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہا، تاہم محکمہ موسمیات نے بالائی / جنوبی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، زیریں سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کشمیر، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران زیریں سندھ اور شمالی بلوچستان میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

Tabool ads will show in this div