عمران خان نے اپنے 4 ملازمین کے ناموں پر بیرون ملک سے پیسے منگوائے، مریم اورنگزیب

عمران خان نے ایک شادی پیسے بٹورنے، ایک شادی پیسے بنانے کیلئے کی، وفاقی وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے طاہر اقبال اور محمد رفیق سمیت 4 ملازمین کے نام پر پیسہ منگوایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، وزیراعظم نے گزشتہ روز سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوجی افسران کی شہادت کے بعد ایک جماعت نے سوشل میڈیا پر منفی مہم شروع کی، پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم کی مذمت کرتے ہیں، ہم اپنے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان فارن ایجنٹ ثابت ہوچکے ہیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ 8 سال کی تحقیقات کے بعد آیا، آئین کے تحت کوئی بھی سیاسی جماعت فارن فنڈنگ نہیں لے سکتی، دوسروں کو چور کہو اور اپنے اوپر معاملہ آیا تو کہا کہ ٹیکنیکل ایشو ہے، یہ ٹیکنیکل نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کا معاملہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، آپ نے خیرات کا پیسہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، آپ بار بار اس کیس میں التواء لیتے رہے، آپ نے اپنا اکاؤنٹ ظاہر نہیں کیا کیونکہ پیسہ چوری کا تھا، آپ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، سی پیک کو روکنے کی کوشش کی، کیا وجہ تھی کہ آپ نے سی پیک کو روکا اور کشمیر کا سودا کیا؟۔

وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عدم استحکام پیدا کرکے ملک کو نقصان پہنچایا، فارن فنڈنگ کی وجہ سے ہی آپ نے دھرنا دیا تھا، آپ نے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے طاہر اقبال اور محمد رفیق سمیت 4 ملازمین کے نام پر پیسہ منگوایا، نواز شریف نے قانون کے مطابق کوئی جرم نہیں کیا تھا، انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، عمران خان فارن فنڈنگ کے مجرم ہیں، ان کا جرم الیکشن کمیشن اور اسٹیٹ بینک نے ثابت کیا، عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مفاد کیلئے سیاست میں مت گھسیٹیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ایک شادی پیسے بٹورنے اور ایک شادی پیسے بنانے کیلئے کی، نمل اور القادر یونیورسٹی کے نام پر پیسے بٹورے گئے۔

Tabool ads will show in this div