ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ سابق اسپیکر اسد قیصر کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا

اسد قیصر کی 11 اگست کو ایف آئی اے خیبرپختونخوا کے دفتر میں طلبی

ایف آئی اے نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا۔

گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کا بیان جاری کیا تھا، جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کو تحقیقات کے لئے طلب کیا جارہا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے آج سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر کو طلبی نوٹس بھیجا گیا ہے۔

طلبی نوٹس میں سابق اسپیکر اسد قیصر کو 11 اگست کو ایف آئی اے خیبرپختونخوا کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ایچ بی ایل پشاور اکاؤنٹ میں 86 لاکھ روپے منتقل ہوئے، اور سابق اسپیکر نے ان میں سے 7 لاکھ 80 ہزار روپے نکلوائے تھے، اسی حوالے سے تحقیقات کرنی ہیں۔

فارن فنڈنگ کیس کیا ہے؟

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بانی رکن اکبر ایس بابر کو فارن فنڈنگ کے معاملے پر اختلاف کے بعد جماعت سے نکال دیا تھا۔

اکبر ایس بابر نے 2014ء میں پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی، الیکشن کمیشن میں اس کیس کی تقریباً 200 سماعتیں ہوئیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کے معاملے پر وکلاء کی 9 ٹیمیں تبدیل کیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 جون کو فریقین کے دلائل کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ تمام ریکارڈ اسٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کی گئیں 9 اکاؤنٹس کی تفصلات سے اکھٹا کیا گیا ہے جبکہ اکبر ایس بابر کی طرف سے 50 کے قریب پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کو درخواست دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ 2 اگست کو سنایا۔

فیصلے کے مندرجات

الیکشن کمیشن نے اپنے 70 سفحات پر مشتمل فیصلے میں 351 غیر ملکی کمپنیوں اور 34 افراد سے ملنے والی فنڈنگ کو ممنوعہ قرار دیا ہے۔

جن فنڈز کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے ان میں ووٹن کرکٹ اور برسٹل سروسز کے علاوہ امریکا، آسٹريليا اور کینیڈا سے ملنے والی فنڈنگ بھی شامل ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے کہ کیوں نہ یہ تمام فنڈز ضبط کر لئے جائیں۔

3 رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق اقدامات کرے اور فیصلے کی کاپی وفاقی حکومت کو بھی بھجوائی جائے۔

فیصلے میں کہا گيا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے ملنے والی معلومات کے مطابق پی ٹی آئی نے صرف 8 بينک اکاؤنٹس ظاہر کئے جب کہ مجموعی طور پر 16 اکاؤٹس چھپائے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ 13 اکاؤنٹس پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے کھلوائے مگر ان سے لاتعلقی ظاہر کی، اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنا پی ٹی آئی کی جانب سے آرٹیکل 17 (3) کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ 2008 سے 2013 تک عمران خان کے جمع کرائے گئے سرٹیفکیٹ صریحاً غلط ہیں، عمران خان کے سرٹیفکیٹ اسٹیٹ بینک ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتے۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا

فیڈرل ایویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

حکام ایف آئی اے کے مطابق تحریک انصاف کیخلاف پانچ مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی گئی ہیں اور یہ انکوائری کمیٹیاں لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں کام کریں گی۔

حکام ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی سے متعلقہ ریکارڈ مانگا جائے گا، جب کہ پانچوں ٹیموں کو ہیڈکوارٹر میں ایک بڑی کمیٹی سپروائز کرے گی۔

PTI

ASAD QAISAR

PTI FOREIGN FUNDING CASE

Tabool ads will show in this div