پنجاب کابینہ کی حلف برداری، ق لیگ کا ایک بھی وزیر نہیں

گورنر پنجاب نے اراکین سے حلف لیا

پنجاب کابینہ میں شامل 21 وزیروں نے حلف اٹھا لیا ہے جب کہ کابینہ میں 4 معاون خصوصی اور 3 مشیر بھی شامل کئے گئے ہیں۔

پنجاب کابینہ کے اراکین کی حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی اور گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے وزرا سے حلف لیا۔

کون کون شامل ہے

پرویز الٰہی کی کابینہ میں تجربہ کار اور بڑے نام آؤٹ ہوگئے ہیں جب کہ 7 نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔

حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، سردار محسن لغاری، محمد بشارت راجہ، میاں محمودالرشید، راجہ یاسر ہمایوں، عنصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، ڈاکٹر مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد، خرم شہزاد ورک، ہاشم ڈوگر، آصف نکئی، علی افضل ساہی، نواب زادہ منصور علی خان، حسین جہانیاں گردیزی، غضفر عباس چھینہ، لطیف نذر، سردار حسنین بہادر دریشک اور تیمور ملک شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے 4 معاون خصوصی اور 3 مشیر مقرر کیے ہیں۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر بن گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کا ایک بھی وزیر نہیں

جن 21 وزرا نے حلف اٹھایا ان میں سے ایک بھی وزیر کا تعلق مسلم لیگ (ق) سے نہیں۔

اس حوالے سے چوہدری ظہیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ارکان کا کابینہ میں شامل نہ ہونا قیادت کا آپس کا فیصلے ہے، کابینہ سے حلف لینا گورنر پنجاب کا آئینی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل وزراء بہت قابل ہیں اور اچھا کام کریں گے۔

پنجاب کابینہ کا اجلاس

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وز راء، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بلوچستان میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور شہین ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجرجنرل امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد،میجر سعیداحمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پنجاب کابینہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید فوجی افسروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اوردیگرفوجی افسروں نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔ شہداء کی فرض شناسی پر فخر ہے۔

اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دے دی جس کے سربراہ صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کمیٹی ہوں گے۔

پنجاب کابینہ نے قانونی امور اور امن وامان سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کو سربراہ مقرر کردیا۔

پنجاب کابینہ نے سیلاب اور بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کی۔

اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی، پنجاب کابینہ نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دی، جس کے تحت پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، موبائل فون سروس حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر بند رہے گی۔

اجلاس کے دوران چوہدری پریوز الہیٰ نے کہا کہ ہمیں صرف صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ آپ میری ٹیم ہیں اور ہم سب نے ٹیم بن کر عوام کو ریلیف دینا ہے۔ عوامی ویلفیئر کے ایسے کام کریں جس سے اس حکومت کا واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ ہمیں صوبے کے عوام کو کام کرکے دکھانا ہے اور آپ کے کام خود بولنے چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ یوم عاشور پر قیام امن کے لئے ضلع کی سطح پر باقاعدگی سے میٹنگز کی جائیں، تمام جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں، ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اورسکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے مانٹیرنگ کی جائے۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کی صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عمل درآمد کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا-

Tabool ads will show in this div