عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہوگئی
الیکشن کمیشن نے اعتراضات نمٹانے کے بعد عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کردی۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کوحلقہ بندیوں پر 910 اعتراضات موصول ہوئے، اعتراضات کو یکم جولائی سے 30 جولائی 2022 تک سماعت کے بعد نمٹایا گیا۔
عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کے 266 حلقوں اور صوبائی اسمبلیوں کے 593 حلقوں کیلئے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی گئی۔
حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان 11اپریل 2022 کو کیا گیا تھا۔ یکم جون سے 30جون تک الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام کے اعتراضات اور تجاویز وصول کیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 266 جبکہ خواتین کی نشستیں 60 ہوں گی۔ ایوانِ زیریں میں اقلیتوں کی مخصوص نشستیں 10 ہوں گی۔
پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 141 ہوں گی، سندھ سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 61 ہوں گی۔ خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 45 ہوں گی، بلوچستان سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 16 ہوں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 3 ہوں گی۔