کراچی: ڈیفنس کی مسجد میں ایک شخص نے اپنا گلا کاٹ لیا

پچپن سالہ شخص نے کاروبار میں نقصان پر انتہائی قدم اٹھایا

کراچی کے علاقے ڈیفنس کی مسجد کے اندر نماز جمعہ کے بعد ایک شخص نے اپنا گلا کاٹ لیا، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 6 کی مسجد عمر میں واقعہ پیش آیا جہاں بابر نثار نے شیونگ ریزر سے اپنا گلا کاٹنے کی کوشش کی۔

ایس پی کلفٹن روحیل خان نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ نماز جمعہ کے بعد پیش آیا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نماز کی ادائیگی کے بعد لوگ مسجد سے نکل رہے تھے کہ 55 سالہ شخص نے شیونگ ریزر کی مدد سے اپنا گلا کاٹ لیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ نمازیوں اور مسجد کے باہر حفاظت کیلئے تعینات پولیس اہلکار نے مذکورہ شخص کو پکڑ لیا تاکہ وہ خود کو مزید نقصان نہ پہنچا سکے۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔

جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے سماء کو بتایا کہ زخمی شخص کو فوراً آپریشن تھیٹر منتقل کرکے اسے طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں سرجیکل آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم وہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہے۔

جناح اسپتال کے میڈیکولیگل آفیسر (ایم ایل او) ڈاکٹر عبدالباسط نے مریض کا معائنہ کیا اور بتایا کہ گلہ کاٹ کر خود کشی کی کوشش کرنیوالے ایک شخص کو میڈیکولیگل سیکشن میں لایا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمی شخص کی خون کی بڑی شریانیں محفوظ تھیں، اسے آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا۔ ایم ایل او کے مطابق اہلخانہ نے انہیں بتایا کہ مریض کو نفسیاتی مسائل اور ڈپریشن کا سامنا تھا۔

اہل خانہ نے ڈاکٹر سے مزید کہا کہ زخمی کپڑے کا تاجر ہے، جس نے اپنے ڈوبتے ہوئے کاروبار کو بچانے کیلئے قرضہ لیا تھا لیکن وہ مالی نقصان پر قابو پانے میں ناکام رہا۔

اہل خانہ کے دعوے کی تصدیق کیلئے گزری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او آغا معشوق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی حالت میں نہیں تھا۔

ایس ایچ او کا یہ بھی کہنا تھا کہ زخمی شخص کے صحتیاب ہونے پر پولیس اس کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

کراچی

Tabool ads will show in this div