پاکستانی مختصر فلم جوائے لینڈ مزید دو عالمی فلم فیسٹیولز کے لیے منتخب
کانز ایوارڈ یافتہ پاکستانی مختصر فلم جوائے لینڈ کو مزید دو عالمی فلم فیسٹیولز کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
پاکستانی ڈائریکٹر،رائٹراوراداکارصائم صادق کی اس فیچرفلم کی نمایاں کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثناء جعفری، علی جونیجو،علینہ خان، ثروت گیلانی ،راستی فاروق سمیت دیگرشامل ہیں۔
فلم ساز صائم صادق نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ رواں ماہ ‘جوائے لینڈ’ کو آسٹریلیا میں ہونے والے فلم فیسٹیول ‘انڈین فلم فسیٹول آف میلبورن’ (آئی ایف ایف ایم) میں بھی پیش کیا جائے گا جہاں اس کا مقابلہ متعدد ممالک کی فلموں سے ہوگا۔
انڈین فلم فسیٹول آف میلبورن 13 اگست سے 30 اگست کے درمیان منعقد ہوگا۔
اس سے قبل صائم صادق نے بتایا تھا کہ ان کی فلم کو آئندہ ماہ ستمبر میں کینیڈا میں ہونے والے شہرت یافتہ ‘ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول’ (ٹی آئی آئی ایف) میں بھی پیش کیا جائے گا۔
صائم صادق کا یہ پہلا اعزازنہیں، اس سے قبل 2019 میں ان کی شارٹ فلم ڈارلنگ وینس اورٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہیں۔
یاد رہے کہ جوائے لینڈ کو کانز: کوئیر پام ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے یہ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ‘کوئیر پام’ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، فلم کے پروڈیوسرسرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن ہیں جبکہ موسیقی عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔