اسٹیٹ بینک کا درآمدات پر شرائط میں نرمی کا اعلان
ڈالرز کا انتظام ہونے لگا تو درآمد کنندگان کو ریلیف دینے کےلیے اسٹیٹ بینک نے درآمدات پر شرائط میں نرمی کااعلان کردیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق اسٹیٹ بینک نے درآمدات پر کیش مارجن میں نرمی کردی ہے۔
درآمدات پر 100 فیصد کیش مارجن جمع کرانی شرط ختم کرکے 25 فیصد کردی گئی ہے۔ سرکلر کے مطابق نئی نظرثانی شدہ حد 91 سے 180 دن کی مدت کی درآمدات پر لاگو ہوگی۔
مرکزی بینک نے 181 دن سے زائد مدت کی درآمدات پر سے کیش مارجن جمع کرانے کی شرط مکمل ختم کردی ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیز اور بینکوں کے فارن ایکس چینج آپریشنز کی نگرانی سخت کردی اور مرکزی بینک نے ضوابط کی خلاف ورزی پر2 ایکسچینج کمپنیز کی4 برانچوں کے آپریشن معطل کردیئے جبکہ ڈالرکی قیمت خریداور فروخت میں زیادہ فرق کا بھی نوٹس لیا گیا تھا۔