مس یونیورس کے خلاف بھارتی اداکارہ نے عدالت سے رجوع کرلیا
مس یونیورس 2021 ہرناز کور سندھو کے حوالے سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے جب بھارتی اداکارہ اپاسنا نے مس یونیورس کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
بھارتی اداکارہ اور پروڈیوسر اپاسنا سنگھ نے مس یونیورس ہرناز کور سندھو کے خلاف پنجابی فلم کا کنٹریکٹ توڑنے پرعدالت سے رجوع کیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ہرناز سندھو نے ان کے ساتھ فلم کا کانٹریکٹ سائن کیا مگر اب خلاف ورزی کر رہی ہیں لہذا قانونی کارروائی کی جائے ۔
اداکارہ اپاسنا سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ ہرناز نے ان کی فلم ‘بائی جی کٹنگے’ میں کام کیا تھا اور ساتھ ہی فلم کی تشہیر کرنے کے لیے معاہدہ پر دستخط کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپاسنا نے بتایا کہ ہرناز کور کی یہ فلم اس وقت کی ہے جب انہوں نے مس یونیورس کا خطاب نہیں جیتا تھا، اپاسنا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس فلم پر کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی ماڈل ہرناز سندھو نے گذشتہ سال دسمبر میں اسرائیل میں منعقدہ مس یونیورس مقابلے میں مس یونیورس کا خطاب جیتا تھا، اس سے قبل سال 2000 میں بھارتی اداکارہ لارا دت اور اس سے پہلے سشمیتا سین نے مس یونیورس کا خطاب جیتا تھا ۔