ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم افسوسناک ہے،آئی ایس پی آر

یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور قابلِ مذمت ہیں، ترجمان پاک فوج
Aug 05, 2022

ترجمان پاک فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم افسوسناک ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق منفی سوشل میڈیا مہم سے شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی جس کے باعث شہدا کے خاندانوں اورافواجِ پاکستان میں شدید غم وغصہ، اضطراب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ، توہین آمیزمہم جوئی کی گئی جو ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہیں۔

ترجمان پاک فوج میجرجنرل بابرافتخار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد کرب سے گزررہے تھے کہ سوشل میڈیا پر پروپگینڈا شروع کردیا گیا۔ دکھ کی گھڑی میں سپورٹ کرنے پرقوم کے شکرگزارہیں۔

میجرجنرل بابرافتخارنے افواہوں اور قیاس آرائیوں پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے واضح کردیا کہ افغانستان میں ڈرون حملے کیلئے پاکستانی سرزمین استعمال کئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر پیر یکم اگست کو خراب موسم کے باعث بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے۔

شہداء میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف، انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد ، پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

helicopter crash

ISPR

social media campaign

Tabool ads will show in this div