عمران خان کا تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ

مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑوں گا، سابق وزیراعظم

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں مگر میں ہر میدان میں اُن کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اُن سے دو بڑی غلطیاں ہوئی ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کا بطور چیف الیکشن کمشنر تقرر میرا بلنڈر تھا۔ بولے دوسری بڑی غلطی کیا تھی یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے قومی اسمبلی کی 9نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ مذکورہ 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن 25 ستمبر کو شیڈول ہیں۔

الیکشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ 22 مردان، حلقہ 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی، اور ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ 25 ستمبرکو ہوگی۔

اس سے قبل 29 جولائی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تاہم ان میں خصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی شامل ہیں۔

IMRAN KHAN

BYE ELECTIONS

Tabool ads will show in this div