واٹس ایپ پربننے والاسسٹم نواز شریف سے معافی مانگے،پرویز رشید

انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے

پاکستان مسلم لیگ نواز ( ن ) کے سینیر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ لاڈلے نہ ہوئے تو خان صاحب کو مشکل دن دیکھنے پڑیں گے، واٹس ایپ پر بننے والے سسٹم کو نواز شریف سے معافی مانگنی چاہیے۔

سما کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پر لگا الزام آٹے میں نمک کے برابر تھا، عمران خان پر ثابت ہونے والا جرم نمک کا پہاڑ ہے، عمران خان لاڈلے نہ ہوئے تو پھر مشکل دن دیکھنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ پر بننے والا نظام نواز شریف سے معافی مانگے، یہ کیسا نظام تھا کہ سارے فیصلے واٹس ایپ گروپ سے پتا چلے۔

پنجاب میں ہونے والے انتخابات پر بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں انتخاب کا دہرا معیار دیکھنے کو ملا، پنجاب اسمبلی کے الیکشن سے ثابت ہوگیا کہ یہ لاڈلہ ہے۔

سابق چیئرمین نیب سے متعلق کیے گئے سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ ویڈیو سامنے آنے پر جاوید اقبال کا احتساب ہونا چاہیے تھا، سب ایک کشتی کے سوار ہیں، کشتی منجدھار سے نکل رہی ہے۔

مخالفین کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ سب اپنا کام کریں تو کشتی پار لگ جائے گی، جمہوری عمل چلنے دیں رخنہ نہ ڈالیں، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔

Nawaz Sharif

IMRAN KHAN

PERVAIZ RASHEED

Tabool ads will show in this div