آرمی چیف کا سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سے رابطہ،آئی ایم ایف پروگرام پرگفتگو کی
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ ہواہے۔ انھوں نے پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاہدے پر تفصیلی گفتگو کی۔
امکان ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر مالیت کا تیل مل جائے گا۔ متحدہ عرب امارات سے بھی معاشی سہولیات مل سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں جلد اعلان متوقع ہے۔
29 جولائی کو غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے قرض کی رقم جلد جاری کرنے کیلئے آئی ایم ایف پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی۔
رپورٹ میں آرمی چیف کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خزانہ کو آئی ایم ایف پر پاکستان کے لیے تقریباً 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی فوری فراہمی کے لیے دباؤ ڈالنے کی اپیل کی، جو پاکستان کو دوبارہ شروع کیے گئے قرض پروگرام کے تحت ملنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو قرض کے لیے پاکستان کو ‘اسٹاف لیول کی منظوری’ دے دی تھی، لیکن یہ لین دین پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے 6 بلین ڈالر کے توسیعی فنڈ کی سہولت کا حصہ ہے۔