پاکستانی سفیر کی صحافی انس ملک سے رابطے کی تصدیق

پاکستانی سفارت خانہ انس ملک سے مسلسل رابطے میں ہے

افغانستان ( Afghanistan ) میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور علی خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستانی صحافی انس ملک ( Anas Mallick ) خیریت سے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر افغانستان میں سفارتی خدمات انجام دینے والے پاکستان کے سفیر منصور علی خان نے انس ملک کی گمشدگی سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انس ملک سے ابھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، انس مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ پاکستانی سفیر نے یہ بھی بتایا کہ انس ملک افغان دارالحکومت کابل میں ہیں اور سفارت خانہ مسلسل ان سے رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی چینل ویون کیلئے کام کرنے والے انس ملک ان دنوں کابل میں موجود ہیں، تاہم گزشتہ روز سے ان کے لاپتا ہونے سے متعلق مختلف ٹوئٹس سامنے آئیں۔ انس کے بھائی حسن کی جانب سے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ ان کا بھائی ( انس ملک) سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

گمشدگی کی اطلاعات منظر عام پر آنے سے قبل 3 اگست کو انس ملک کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ وہ اس وقت کابل پہنچے ہیں۔ انس ملک بدھ کی دوپہر سے اپنے ڈرائیور سمیت کابل میں لاپتا ہوئے تھے۔

صحافی انس ملک کی کابل میں گمشدگی کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے ان کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا انس ملک کے لاپتا ہونے سے متعلق کہنا تھا کہ صحافی انس ملک کی مبینہ گمشدگی پر تشویش ہے، افغان ناظم الامور کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق افغان اعلیٰ حکام کو اس معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا ، دفترخارجہ نے پاکستان میں افغان سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا، افغان حکام سے صحافی کی جلد بازیابی کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے آخری مرتبہ کابل سے شدت پسند تنظیم القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کے گھر سے رپورٹنگ کی تھی، جو امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

انس ملک نے گزشتہ برس افغانستان کی حکومت کے خاتمے اور کابل پر طالبان کے قبضے کی رپورٹنگ کی تھی۔

Tabool ads will show in this div