دورہ نیدرلینڈز سے قبل قومی ٹیم پاکستان شاہینز کے مدمقابل میچز کھیلے گی

یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے

بابراعظم کی قیادت میں اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ نیدرلینڈز روانگی سے قبل پاکستان شاہینز کے خلاف 2 پریکٹس میچز کھیلے گا۔ 50 اوورز کرکٹ پر مشتمل یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ قومی اسکواڈ کا 7 روزہ تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں منعقد ہوگا۔

ان میچز میں پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ نیدرلینڈز کے لیے اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق اور زاہد محمود ان میچز میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔

اعلان کردہ 12 کھلاڑی:

سعود شکیل (کپتان)، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، زاہد محمود، کامران غلام، عبدالواحد بنگلزئی، قاسم اکرم، میر حمزہ، عباس آفریدی، ارشد اقبال، ابرار احمد، فیصل اکرم۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز آمنے سامنے آئیں گےتاہم یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دونوں اسکواڈز کو مدمقابل لانے کا مقصد سیریز کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان شاہینز میں شامل بیک اپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔

قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں جاری رہے گا۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف 7 اگست جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے پریکٹس میچ کے بعد لاہور میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ اسکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا۔

Tabool ads will show in this div