نيوٹرلزنے سکندرسلطان راجا کے’نيوٹرل’ رہنےکی گارنٹی دی تھی،عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نيوٹرلز نے ہمیں چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا کے ‘نيوٹرل’ رہنے کی گارنٹی دی تھی۔
ٹی وی انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان راجہ کو چيف اليکشن کمشنر بنانے کيلئے نيوٹرلز نے کہاتھا اور ساتھ ہی سکندر سلطان راجہ کے غيرجانبدار ہونے کی گارنٹی بھی دی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشنل کونسل میں جائیں گے اور کل الیکشن کمیشن کے باہر پُرامن احتجاج بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کیخلاف پرامن احتجاج ریڈ زون میں نہیں ہوگا۔ کل صرف ہمارے پارلیمنٹیرینز انکے دفتر جائیں گے تاکہ پتہ چلے کہ انکے نیچے صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج حکومت اور الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہماری قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، اگر ملک کو مسائل اور اس دلدل سے نکالنا ہے تو اس کے لیے صاف اور شفاف الیکشن ضروری ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے، پی پی اور ن لیگ نے بڑے بڑے سیٹھ پالے ہوئے ہیں جن سے یہ پیسے لیتے ہیں اور پھر اس کو الیکشن میں استعمال کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج ملکی سالمیت کا اہم حصہ ہے مگر ملک کے لیے معیشت بھی بہت اہم جز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نومبر کو سوچنے کے بجائے ابھی کا سوچنا چاہیے کیونکہ حالات بہت خراب ہیں، توانائی کا شدید بحران ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے روزگار بند ہورہے ہیں۔ ہمیں معیشت کا سوچنا چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے کیونکہ اگر وہاں جاکر بیٹھ گئے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم ان کے سہولت کار ہیں۔