عمران خان نے 3 ملین پاؤنڈ لیکر کے الیکٹرک کو اربوں روپے معاف کیے، مصدق ملک
وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ خواش آئند ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف تین ملین پاؤنڈ کے عوض کے الیکٹرک کو 250 ارب کی انویسٹمنٹ معاف، 300 ارب کی بجلی اور 250 اارب کا پاور پلانٹ گفٹ کردیا۔
مصدق ملک نے کہا کے الیکٹرک نے 20 سال سے وعدہ کیا ہوا تھا کہ وہ کراچی میں بجلی کی پیداوار کیلئے سرمایہ کاری کرینگے لیکن جب پیسے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں آگئے تو معاہدے کے تحت انہوں نے 25 ارب کی جو سرمایہ کاری کرنی تھی وہ معاف کردی گئی۔
وزیرمملکت نے کہا کے الیکٹرک جس معاہدے کے تحت فروخت ہوئی اس میں طے تھا کہ حکومت کے الیکٹرک کو 650 میگاواٹ فراہم کریگی لیکن عمران خان نے دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بڑھاکر 2050 میگاواٹ کردیا، یہ بجلی پاکستان کے تمام شہریوں کو ملنی تھی لیکن خان صاحب نے 1500 میگاواٹ اضافی بجلی کے الیکٹرک کو گفٹ کردی جس کی قیمت 300 ارب بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 250 ارب کی انویسٹمنٹ 3 ملین پاونڈ میں بیچ دی۔ میں عوام سے پوچھتا ہوں کہ چور اور منی لانڈر کون ہے، پتا کریں دتانگ کول پلانٹ کس نے کینسل کیا۔
مصدق ملک نے کہا قانون کہتا ہےآپ کسی غیرملکی سے فنڈز نہیں لے سکتے، فارن کمپنیوں سے پیسے لینے والا امپورٹڈ نہیں ہم امپورٹڈ ہیں، بیرون ممالک سے فنڈنگ آپ نے لی اور امپورٹڈ ہم ہیں، قانون کہتاہےآپ فارن فنڈنگ لیں گےتوآپکی پارٹی تحلیل کی جاسکتی، پاکستان میں ایجنٹ وہ ہےجس نےبیرون ملک سے فنڈنگ لی۔